مؤرخہ 10/جولائی 2020 ء بروز جمعہ ناخدا مسلم کمیٹی دبئی کی جانب سے محترم جناب محمد علی بن یوسف ڈانگی ساکن فردوس نگر تینگن گنڈی کی ان کی علالت کے باعث وطن واپسی کی مناسبت سے ایک مختصراً نشست منعقد کی گئی جس میں موصوف کو ان کی رہائش گاہ پر ناخدا مسلم کمیٹی دبئی کے ذمہ داروں نے شال و گل پوشی کرکے ایک مختصراً سپاس نامہ ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں پیش کیا .
اس نشست کا آغاز حماد بن حافظ شبیر ڈانگی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا .
تلاوت کلام پاک کے بعد ناخدا کمیٹی دبئی کے جنرل سیکرٹری جناب انیس الرحمان صاحب ڈانگی نے سب سے پہلے دبئی کمیٹی کے فاؤنڈر ممبر جناب محمد علی ڈانگی سے معذرت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جس نوعیت کے الوداعی پروگرام کے بارے میں سوچا تھا وہ ہم موجودہ ناساز گار حالات کی وجہ سے منعقد نہیں کر پائے . پھر مزید اپنی معذرت کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم اس پروگرام کو ان کی لمبی مدت ہماری دبئی کمیٹی سے منسلک رہتے ہوئے اپنی بہترین خدمات انجام دینے کے اعتراف میں ایک بہترین شکل میں منعقد کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی علالت اور کورونا وائرس کے حالات میں اچانک وطن واپسی سے ہم اپنی اس آرزو کو پورا کرنے سے قاصر ہیں اور اس کے لئے معذرت خواہ بھی ہیں .
اور مزید اپنے تأثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ موصوف اور ان کے دوسرے چچا جناب حافظ شبیر ڈانگی نے ان کے بچپنے میں اپنی اولاد کی طرح ان کا پورا خیال رکھا اور ان کو دبئی میں موجودہ مقام تک لا کھڑا کر دیا ہے جس پر ان کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو بہہ پڑے پھر اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موصوف ہمارے فاؤنڈر ممبر ہیں اور ہر ایک کو یہاں سے اپنے وطن عزیز لوٹنا ہی ہے اور بہت سارے لوٹ بھی چکے ہیں لیکن اپنے بعد اپنی یاد رکھی جانے والی قربانیوں کو چھوڑنا یہ بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے ، الحمد للہ موصوف نے اپنے بعد بہت ساری ایسی خدمات چھوڑی ہیں جن کو ناخدا کمیٹی دبئی مدتوں یاد رکھے گی ، جس میں مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں اخیر میں دعائیہ کلمات پیش کرتے ہوئے اپنی جگہ لی .
بعد ازاں اس موقعہ کی مناسبت سے ناخدا دبئ کمیٹی کے موجودہ صدر جناب صلاح الدین بن علی ابو نے اپنی ابتدائی گفتگو میں کہا کہ ہمیں اپنی ان تمام شخصیات کی قربانیوں کو یاد کرتے رہنا چاہئے جنھوں نے ہمارے مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی ، جماعت المسلمین تینگن گنڈی اور ہمارے تینگن گنڈی کے اسپورٹس سینٹروں اور اپنے وطن کے لئے اپنی کسی بھی قسم کی قربانیاں پیش کی ہوں . تاکہ نئی نسل بھی ان کی خدمات و کردار سے روشناس ہو کر ان کی نیک خوبیوں کو اپنانے کی کوشش کر سکے .
پھر مزید اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ہماری کمیٹی کے پانچ فاؤنڈر ممبران جناب عبدالکریم بن إسماعيل بنگالی جناب احمد بن إسماعيل بنگالی جناب جعفری بن علی بنگالی اور جناب سلیمان بن موسیٰ بنگالی اور جناب محمد علی بن یوسف ڈانگی میں سے ایک ہیں آپ سنہ 1982 ء میں کسب معاش کی غرض سے دبئی کا سفر کیا اور سنہ 2020 تک مسلسل کسب معاش میں لگے رہے.
موصوف نے اپنے کارواں کے ساتھ ناخدا مسلم کمیٹی کی بنیاد ڈالی جس پر تقریباً سائنتیس (37) سال کا عرصہ بیت چکا ہے اور الحمد للہ ان بانیان اور موصوف کے خلوص کی برکت سے آج بھی یہ ادارہ اپنے دائرہ کار میں سرگرم عمل ہے.
مزید اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ چند سال قبل دبئی ناخدا ماہیگیروں کے حالات بعض أعذار کی بنا پر کسب معاش کے لئے ناموافق ہو گئے اور بہت سارے لوگوں کے پاس فیشنگ بوٹس نہ رہے تو اس کمیٹی کا شیرازہ دھیرے دھیرے بکھرنے لگا تو اس وقت یہاں پر موجود لوگوں نے جن میں صلاح الدین علی ابو ، صبغۃ اللہ ڈانگی ، اشتیاق بن ابراہیم عثمانی ، حفظ الرحمان ڈانگی ، تاج الدین بن محمد حنیف ڈانگی ، حافظ شبیر بن یوسف ڈانگی ، انیس الرحمان بن حافظ عبدالقادر ڈانگی اور دیگر لوگوں نے اس کو متحد کرنے کی کوششیں کیں ، خصوصاً عبدالواحد بن ابراہیم عثمان کی بوٹ نے ہمیں ایک جگہ جمع ہو کر کمیٹی کے استحکام کے سلسلہ میں غور و خوض کا موقعہ فراہم کیا جس کے نتیجہ میں الحمد للہ یہ جماعت بہت ہی مستحکم بنیادوں پر آج قائم ہے .
دبئی کمیٹی کے نائب سکریٹری جناب اشتیاق بن ابراہیم عثمانی نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب میں پہلی مرتبہ دبئی آیا تھا تو انھوں نے ہمارا اپنی اولاد کی طرح بہت خیال رکھا اور اپنی رہائش گاہ پر ہمیں کھلایا پلایا اور ہمارے اخراجات کے تعلق سے بھی وقتاً فوقتاً ہمارا بہت خیال رکھا اور ہمیں وطن سے باہر رہنے کی پریشانیوں کا احساس نہ ہونے دیا اور الحمد للہ انھوں نے مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کے لئے بہت ہی زیادہ کوششیں کی ہیں جن کو میں برابر اب تک دیکھتا آرہا ہوں . اخیر میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ موصوف انھیں کمیٹی کی ذمہ داری نبھانے کے دوران مفید مشوروں سے بھی نوازتے رہتے تھے .
ناخدا کمیٹی دبئی کے خازن جناب تاج الدین بن محمد حنیف ڈانگی نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کی اہلیان تینگن گنڈی کے دبئی میں مقیم افراد کے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا ذکر خیر کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ موصوف اپنی حیثیت کے بقدر گاؤں والوں کے روز گار کے سلسلہ میں پیش آمدہ مسائل اور اسی طرح مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کے مسائل کو حل کرنے میں بہت پیش پیش رہتے تھے .
بعد ازاں ناخدا کمیٹی ابو ظبی کی طرف سے ایک تہنیتی خط پیش کیا گیا جس میں ان کے بہت سارے عمدہ محاسن کا تذکرہ کیا گیا تھا جو انشاءاللہ جلد از جلد اسی ویب پر نشر کیا جائے گا .
اس کے بعد ناخدا مسلم کمیٹی دبئی کی طرف سے موصوف کی شال پوشی کرتے ہوئے انھیں گلدستہ پیش کیا گیا . اور اس کے بعد بعض أعذار کی بنا پر فی الحال ایک عارضی سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا . تقربا آدھے گھنٹے کے بعد یہ مختصر سی نشست اپنے اختتام کو پہونچی .
آپ کی اس خدمت کی دل و جان سے ستایش کر تے ہیں. اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس خدمت کا آپ کو بہترین اجر عطا فرمائے. اور اس چینل کو دیر تا قائم و دایم رکہے.
mashaa allah bahut khub allah aapke is idaareko hamesha aise hi qaayim wa daayim rehne ki tawfiq ata farmaye ameen.