حسنِ اخلاق لوگوں کو متأثر کرنے کا ایک بہترین ذریعہ

0
2389

از : حافظ محمد حسان ابن مولانا بہاء الدین شیخ جی ، ساکن کیسر کوڈی شیرور

اچھے اخلاق کا حامل انسان سبھوں کے دلوں میں گھر کر جاتا ہے جس کے نتیجہ میں لوگ اس سے محبت کرنے لگتے ہیں اور اس سے عزت و احترام سے پیش آتے ہیں۔

در اصل حسن اخلاق اچھی عادتوں کو کہا جاتا ہے ، مثلاً گفتگو کے دوران نرم لہجہ اختیار کرنا ، چہرہ پر مسکراہٹ ظاہر کرنا ، دوسروں کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آنا ، نفرت کرنے والوں کے ساتھ پیار و محبت سے پیش آنا وغیرہ وغیرہ .

دنیا میں بہت ساری حسن اخلاق کی حامل شخصیات گذری ہیں انھیں میں سے ایک ہندوستان کا بادشاہ ناصر الدین بھی تھا ، وہ بہت ہی نیک اور سادہ مزاج بادشاہ تھا ، سرکاری خزانہ سے اپنے ذاتی اخراجات کے لئے ایک پیسہ تک بھی نہیں لیتا تھا ، اس نے اپنے گذر اوقات کے لئے حسن کتابت کا فن سیکھ رکھا تھا ، کلام پاک اور دوسری کتابوں کی کتابت کی آمدنی سے اپنے اخراجات پورے کرتا تھا .

ایک دفعہ ایک رئیس ان سے ملنے آیا ، تو آپ نے اسے اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک خوش خط کلام پاک دکھایا ، رئیس اسے دیکھ کر بہت خوش ہوا ، پھر غور سے دیکھ کر اس نے کہا کہ اس میں کچھ غلطیاں ہیں اسے درست فرما لیجئے گا ۔ رئیس کی کہی ہوئی غلطیاں در حقیقت غلطیاں نہیں تھیں ، اس کے باوجود بھی بادشاہ ناصر الدین نے اس کا برا نہ مانا اور نہ کچھ کہا بلکہ مسکرا کر اس کا بہت شکریہ ادا کیا ، جن غلطیوں کی اس نے نشاندہی کی تھی ان غلطیوں کے ارد گرد حلقہ بنا دیا تاکہ انھیں بعد میں درست کیا جاسکے .

اس وقت جو لوگ دربار میں حاضر تھے وہ بادشاہ کی خوش اخلاقی دیکھ کر دنگ رہ گئے . جب رئیس چلا گیا تو بادشاہ نے سب حلقے مٹا دئے . لوگوں نے بادشاہ سے سبب پوچھا! تو بادشاہ نے کہا کہ ” مجھے معلوم تھا کہ میری کوئی غلطی نہیں ہے مگر میں اپنے مہمان کو شرمندہ کرنا یا اس کا دل دکھانا نہیں چاہتا تھا اسی لئے اپنی غلطیوں کا اقرار کرکے میں نے ان غلطیوں کے ارد گرد حلقہ بنا دیا تھا ، اب وہ حلقے مٹا دئے گئے ہیں “.

بادشاہ کی خوش اخلاقی سے سب دربار ی بہت متأثر ہوئے ، وہ اس بات پر حیران تھے کہ اتنے بڑے بادشاہ نے ایک معمولی رئیس کا دل بہلانے کے لئے اتنے زبردست اخلاق کا مظاہرہ کیا .

اس واقعہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم کو سب کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہئے اور کسی کو شرمندہ کرکے اس کا دل نہیں دکھانا چاہئے ۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں سب کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی توفیق عطا فرمائے . آمین .

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here