کاتبِ خبر : امژو زون ٹیم
مؤرخہ 5/جنوری 2021 ء بروز منگل صبح ٹھیک ساڑھے دس (10:30am) بجے ناخدا برادری کی ایک اولین فیکٹری بی ایس پی انڈسٹریس ( BSP INDUSTRIES ) کا افتتاح محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اسی کی عنایتوں اور کرم نوازیوں سے عمل میں آیا .
افتتاح کی مناسبت سے ایک مختصراً پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جن میں مخصوص شخصیات کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، مثلاً مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے ائمۂِ مساجد ، مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کے اساتذہ اور مرکزی جماعت کے ذمہ داران اور دیگر چند مخصوص شخصیات .
پروگرام کا آغاز حافظ ابواللیث بن عبدالمجيد بنگالی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا . بعدازاں ازاں مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کے مہتمم مولانا محمد سعود ندوی نے دعا فرمائی .
اس فیکٹری کے مختلف حصوں کے لوازمات کا افتتاح مختلف شخصیات کے ہاتھوں کیا گیا سب سے پہلے تین فیتے (tapes) یعنی ربنس (Ribbons) کاٹے گئے. سب سے پہلا فیتہ کمپنی کے دو پارٹنروں میں سے ایک پارٹنر جناب حافظ بشیر احمد صاحب ساکن فردوس نگر تینگن گنڈی اور نائب ناظم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کے ہاتھوں ، دوسرا وسیم وکیل بھٹکل اور تیسرا کمپنی کے دوسرے پارٹنر کے ماموں اور جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد کے سابق امام ، جناب عبدالغفار بن عثمان ملا ساکن علی میاں محلہ تینگن گنڈی کے ہاتھوں کاٹا گیا .
بعد ازاں فیکٹری کے دو مین دروازوں میں سے ایک کو جناب حافظ بشیر احمد بن ابوبکر نے اور دوسرے کو کمپنی کے دوسرے پارٹنر جناب ثناءاللہ کے والد صاحب جناب عبدالمجيد بن ابوبکر ساکن فردوس نگر تینگن گنڈی کے ہاتھوں کھولا گیا .
پھر حاضرین کے اندر داخل ہوتے ہی بجلی سپلائی کا مین بٹن قوم ناخدا کی مشہور و معروف شخصیت جناب حافظ عبدالقادر بن یوسف ڈانگی کے ہاتھوں آن (on) کیا گیا .
بجلی آن (on) کرنے کے بعد فیکٹری کے دو بنیادی مشینوں میں سے ایک کا افتتاح جامع مسجد تینگن کے امام مولانا اسحاق بن علی ڈانگی ندوی کے ہاتھوں اور دوسرے کا جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد کے امام مولانا اسماعیل بن عبداللطيف ڈانگی ندوی کے ہاتھوں کیا گیا .
اس کے علاوہ دو اور موٹروں میں سے ایک جناب اسماعیل بن سلیمان علاؤہ کے ہاتھوں اور دوسرا محمد علی الجی ساکن نیو کالونی شیرور کے ہاتھوں چلایا گیا .
انشاء اللہ اس فیکٹری کے پہلے وحلہ میں پلاسٹک ریسائکلنگ Plastic Recycling کرکے اس کے چھوٹے چھوٹے دانے Granules تیار کئے جائیں گے اور ان کو پلاسٹک کی مختلف چیزیں تیار کرنے والی کمپنیوں کو سپلائی کیا جائے گا . اگر اللہ نے اس میں مزید کامیابی عطا فرمائی تو اسی کمپنی میں ریسائکلنگ پلاسٹک سے پلاسٹک کی چیزیں تیار کرنے کی مشینریاں نصب کی جائیں گی .
واضح رہے کہ اس کے قیام کا منصوبہ تقریباً پانچ سال قبل کیا گیا تھا ، لیکن سرکاری قوانین کے تحت اس کو بروئے کار لانا اتنا آسان بھی نہیں تھا جتنا کہ اس کے آغاز میں تصور کیا گیا تھا . پھر ہمت مرداں مدد خدا کے تحت اللہ پر توکل رکھتے ہوئے مسلسل جدوجہد کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجہ میں آج ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے . اس موقعہ پر ایک طرف فیکٹری کے مالکان اپنے دلوں میں خوشی محسوس کر رہے ہیں تو دوسری طرف اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہیں کہ محض اسی کی توفیق اور مدد سے آج انھیں اس کے افتتاح کا موقعہ نصیب ہوا ہے .
اگر اس طرح کی مزید کوششیں قوم کے چند سرمایہ کاروں کی جانب سے اس کے علاوہ اور بھی مختلف میدانوں میں کی جائیں تو اس سے جہاں ایک طرف قوم کے افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم ہوسکتے ہیں تو وہیں دوسری طرف مختلف فنون کے ماہر بھی پیدا ہو سکتے ہیں ، کیونکہ علم دو طریقوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے ، ایک تدریسی طور پر اور دوسرا عملی طور پر ، افراد جب فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں تو وہ کام کے دوران عملی طور پر بہت سے فنون بھی سیکھتے چلے جاتے ہیں .
الحمد للہ قوم ناخدا کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے اس کے افراد بھی تجارتی میدانوں میں آگے بڑھ رہے ہیں ، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ابتداءاً اس طرح کے اقدامات میں کافی حوصلہ اور ہمت و جرأت کی ضرورت ہوتی ہے جس کا ثبوت BSP INDUSTRIES کے مالکان نے دیا ہے ، اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ انشاء اللہ یہ کمپنی اپنے مختلف مراحل سے گذر کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی رہے گی جس کے لئے قوم کے مخلصین سے مخلصانہ دعاؤوں کی درخواست ہے .