رپورٹر : امژو زون ٹیم
امسال سنہ 2020 ء کے کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ کے فائنل ایئر امتحانات میں قوم ناخدا کی جواں عزم طالبہ امِ صہیمہ بنت حافظ بشیر احمد صاحب ساکن فردوس نگر تینگن گنڈی نے اپنی بہترین تعلیمی کارکردگی کا اظہار کرتے ہوئے GPA 8.2 سے کامیابی حاصل کرکے پورے بھٹکل تعلقہ میں ناخدا برادری پیمانہ پر سب سے پہلے انجینئرنگ کرنے والی ٹاپ طالبہ کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے .
اس موقعہ پر موصوفہ کے سرپرستان نے اس کی اس کامیابی کو اپنے لئے باعث فخر و عزت قرار دیتے ہوئے اس بات کا بھی اظہار کیا ہے کہ یہ بات جہاں موصوفہ کے خاندان والوں کے لئے خوش کن ہے وہیں پورے اہلیان مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے لئے بھی باعث عز و افتخار ہے کہ آج ہماری قومی بیٹیاں تعلیمی میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں اور انشاء اللہ مستقبل قریب میں اس کے عمدہ نتائج سامنے آنے کے قوی امکانات ہیں .
موصوفہ کی تعلیمی میدان میں ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس نے کبھی بھی اپنی پوری تعلیمی زندگی میں کسی مضمون کے امتحان میں کبھی بھی ناکامی کا سامنا نہیں کیا ، یہ اس کی ایک ایسی قابلِ فخر و امتیازی صفت ہے جو بہت کم طلباء و طالبات کے حصہ میں آتی ہے . اسی طرح ایک اور امتیازی خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ کا شمار جامعہ آباد کالونی ہیبلے بھٹکل کے ہائی اسکول کے قیام کے بعد دوسرے سال کے SSLC کی طالبات میں سے ایک میں ہوتا ہے .
موصوفہ نے امژو زون ٹیم سے اپنا تبادلہ خیال کرتے ہوئے ناخدا برادری کے طلباء وطالبات کو اس بات کا پیغام دیا ہے کہ وہ ہمیشہ اپنا ہدف یعنی گول اونچا رکھیں ، ناامیدی اور احساس کمتری سے اپنے آپ کو بچائیں خواہ ان کی تعلیم اردو میڈیم سے ہو یا انگلش . ہر صورت میں اپنے ہدف کو پانے کی تمام ممکنہ کوششیں کریں تو یقیناً کامیابی ہمارے قدم چومے گی .
موصوفہ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا آغاز مدرسہ عائشہ تجوید الفرقان جامعہ آباد کے مکتب کی ایک سالہ تعلیم سے کیا تھا اور اس کے بعد اگلی تعلیم کا سلسلہ گورنمنٹ ہایر پرائمری اسکول جامعہ آباد تینگن گنڈی کی دوسری جماعت سے شروع کیا اور میٹرک یعنی SSLC تک کی تعلیم وہیں پر حاصل کی اور اس کے سنہ 2014 ء کے فائنل امتحانات میں ٪91 فیصد سے نمایاں کامیابی کر کے پورے بھٹکل تعلقہ کے اردو میڈیم میں ٹاپ کیا .
اس کے بعد پی یو سائنس کالج بھٹکل میں داخلہ لیا اور اس کے سنہ 2016 ء کے فائنل ایئر امتحانات میں ٪84 فیصد سے نمایاں کامیابی حاصل کی .
بعد ازاں آپ نے اپنی اعلیٰ تعلیم کے لئے اپنا داخلہ انجمن انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کالج بھٹکل میں لیا اور سنہ 2020 ء کے فائنل ڈگری امتحانات میں امتیازی کامیابی حاصل کی اور بھٹکل تعلقہ ناخدا برادری پیمانہ پر سب سے پہلی انجینئرنگ میں نمایاں فیصد سے کامیابی حاصل کرنے والی طالبہ میں اپنا نام شامل کر کے اپنے والدین اور اپنے علاقہ جامعہ آباد کالونی کے ہائی اسکول کا نام روشن کیا .
امژو زون ٹیم موصوفہ کی اس بہترین تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے اور اس کے سرپرستان سمیت جملہ اساتذہ کرام کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور قوم ناخدا کی تعلیمی میدان میں ترقی کے لئے اس کے اساتذہ کی تعلیمی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتی ہے اور موصوفہ کی مزید علمی ترقی کے لئے دعا گو ہے .
موصوفہ کے والد حافظ بشیر احمد صاحب