تعزیت نامہ بوفات شاہ فیصل بن حفظ الرحمان ڈانگی

0
1510

از : مولانا عبدالقادر بن إسماعيل فیضان باقوی ، جامعہ آباد تینگن گنڈی ، بھٹکل ، امام و خطیب جامع مسجد محمد عشیر علی بن سلیمان المزروعی ، ابو ظبی ، متحدہ عرب امارات .

اِنَّا لِلَّه وَ اِنَّآ اِلَيْهِ رَاجِعُوْن .
الصبر عند الصدمة الاولی .

مؤرخہ 11/دسمبر 2020 ء کے دن مرحوم شاہ فیصل ڈانگی کی اچانک موصول ہونے والی وفات کی خبر جہاں میرے لئے انتہائی صدمہ اور جھٹکے والی تھی وہیں میں سمجھتا ہوں کہ دوسروں کے لئے بھی بڑی ہی دکھ بھری تھی .

ایک ہنستا کھیلتا لڑکا جس کے ابھی کھیلنے کودنے کے دن تھے ، اچانک ہماری نظروں سے یوں اوجھل ہوجائے گا ہم اس کا تصور نہیں کرسکتے تھے ، اس خبر کے بعد دن کا بیشتر حصہ ایک قسم کی بے چینی میں گذرا ، جب ہمارا دل اتنا آزردہ ہو تو پھر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے والدین ، دادا دادی ، نانا نانی ودیگر رشتہ داروں کی حالت کس قدر ناگفتہ بہ ہوئی ہوگی .

اس گھڑی میں ہم سبھوں کے پاس صرف صبر اور مرحوم شاہ فیصل کی روح کو پرسکون کرنے والی چیزیں ہی باقی رہتی ہیں ، ہم ان کی مغفرت کے لئے خوب دعائیں کریں ، صدقہ و خیر خیرات کریں اور ان کی روح کو پرسکون رکھنے کے لئے دعائیں کرتے رہیں .

چوبیس سالہ لڑکا شاہ فیصل میرا بہت ہی قریبی رشتہ دار ہے ، بڑی خاموش طبیعت کا لڑکا ، باادب ، ملنسار اور اپنے کام سے کام رکھنے والا ، بڑوں کے سامنے احترام سے رہنے والا اور بلا ضرورت بڑوں سے بات نہ کرنے والے اس لڑکے کی تصویر میری نظروں کے سامنے گھوم رہی ہے ، اور اس وقت جب یہ چند ٹوٹے پھوٹے الفاظ اس لڑکے کے لئے لکھ رہا ہوں میری آنکھیں آبدیدہ سی ہورہی ہیں ،

باری تعالیٰ سے ہم تمام اس لڑکے کی مغفرت کے لئے یہ دعا کریں کہ اِلَہَ العالمين! اس لڑکے کی مغفرت فرما ، اس پر رحم فرما ، اس کی قبر کو کشادہ کردے ، اور اس کی سَيِّآت کو حسنات سے مُبَدَّل فرما اور اس کو اپنی جنت میں ایک اونچا مقام عطا فرما ۔

ہم اس لڑکے کے رشتہ داروں کے لئے بھی دعا کرتے ہیں کہ باری تعالیٰ اس پریشان وقت میں انہیں صبر کرنے کی توفیق عطا فرما ، ان کے والدین ، دادا دادی ، نانا نانی ، ان کے چچاؤں اور بھائی بہنوں کو تو صبر کرنے کی ہمت وطاقت دے اور انھیں اس کا اچھا مبدل عطا فرما ۔

اللھم اغفرله وارحمه وعافه واعف عنه واکرم نزله ووسع مدخله واغسله بالماء والثلج والبرد ، ونقه من خطایاہ کما ینقی الثوب الأبيض من الدنس وابدله دارا خیرا من دارہ واھلا خیرا من اھله ( وزوجا خیرا من زوجه ) وادخله الجنة واعذہ من عذاب القبر ومن عذاب النار .

اللھم اغفر لحینا ومیتنا وشاھدنا وغائبنا وصغیرنا وکبیرنا وذکرنا وانثانا ، اللھم من احییته منا فاحیه علی الاسلام ، ومن توفیته منا فتوفه علی الایمان . اللھم لاتحرمنا اجرہ ولا تفتنا بعدہ واغفرلنا وله .

اللھم جَافِّ القبر عن جنبیه ، واعط اھله من والدیه وجمیع قرابته الصبر والسلوان یارب العالمین .

لڑکے کے رشتہ داروں کے لئے ہماری یہ تعزیت قبول ہو .

نوٹ : جس طرح ہماری ناخدا جماعت دبئی نے لڑکے ( مرحوم شاہ فیصل ) کے والد حفظ الرحمان بن حافظ عبدالقادر ڈانگی اور ان کے بھائی انس کے لئے بڑی تگ ودو کرکے راتوں رات دو ٹکٹیں حاصل کیں اس پر ہم جماعت کا شکر ادا کرتے ہیں ، خصوصا جماعت کے اراکین اور اس کے صدر صلاح الدین ابو وغیرہ کا .

اللہ جلت عظمته اس قسم کے پُرخلوص جذبات ہماری برادری کے تمام لوگوں کو عطا فرمائے اور انھیں اپنی برادری اور قوم کی خدمت کرنے کی توفیقِ رفیق عطا فرمائے .

مولوی محمد ابراہیم ندوی حفظہ اللہ کی خدمات کی بھی ہم قدر کرتے ہوئے ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جو بھی کوئی وقتی اہم خبر رونما ہوتی ہے تو وہ اسے فوری طور پر ” امژو زون ویب سائٹ ” پر شائع کرنے کی کوشش کرتے ہیں .

مرحوم کی وفات کی خبر کے لئے کلک کریں

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here