رپورٹر : مولانا عبدالمتین ابو ندوی
مؤرخہ 14/اپریل 2021 ء بروز بدھ الرفع اسپورٹس سینٹر کیمانی کی جانب سے اپنے علاقہ کے مستحقین میں رمضانی غذائی بورے یعنی رمضانی غذائی کٹس تقسیم کئے گئے .
الحمد للہ الرفع کے عہدیداران واراکین اپنی اس قسم کی بےلوث خدمات کے لئے اپنے علاقہ میں مشہور و معروف ہیں ، خصوصاً ایسے حالات میں جب کورونا کووڈ انیس کی وبا سے لوگ اپنے غذائی مسائل کو حل کرنے کے لئے پریشان نظر آرہے ہیں تو وہیں کچھ افراد اور ادارے انسانیت کے ان مسائلِ کو حل کرنے میں اپنا ممکنہ تعاون پیش کر رہے ہیں .
انہی میں سے ایک ادارہ الرفع اسپورٹس سینٹر کیمانی بھی ہے جو گذشتہ چار سالوں سے لگاتار رمضانی کٹس تقسیم کر کے مستحقین کی امداد اور غرباء کی ہمدردی کے لئے کوشاں ہے . موجودہ حالات میں ایک طرف جہاں بہت سارے اسپورٹس سنٹرز کھیل کود کے میدانوں میں ٹورنامنٹ کے انعقاد میں سرگرم عمل ہیں تو وہیں یہ مثالی اسپورٹس سینٹر مستحقین کی امداد اور غرباء کی دلجوئی میں جٹا ہوا ہے .
الحمد للہ مؤرخہ 14/اپریل 2021 ء کو الرفع اسپورٹس سینٹر کی جانب سے کیمانی کے تقریباً تیس مستحقین میں رمضانی کٹس تقسیم کئے گئے ، چونکہ رمضان کی آمد آمد ہے تو ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر روزے رکھے ، لیکن موجودہ حالات کی وجہ سے لوگوں کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں تو الرفع سپورٹس سینٹر نے ان ناساز گار حالات میں بھی علاقہ کے مختلف افراد سے چندہ وصول کرکے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے . واقعتاً ان کا یہ اقدام مستحسن ، قابل تعریف اور دوسرے ناخدا برادری کے اسپورٹس سینٹروں کے لئے بھی ایک بہترین و مثالی نمونہ ہے .
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ جس قوم کے نوجوانوں میں ایثار و ہمدردی کا جذبہ موجود ہو تو واقعتاً وہاں کا ماحول بھی اس تعلق سے اچھا ہی ہوگا کیونکہ قوم کی اچھائی و بھلائی کا اندازہ اس کے نوجوانوں سے ہی بآسانی لگایا جاتا رہا ہے .
واضح رہے کہ الرفع کے ممبران کا گذران بھی ماہی گیری پیشہ سے ہی ہوتا ہے ، لیکن اس کے باوجود بھی انھوں نے غرباء کی مدد کرکے انسانی ہمدردی کا ثبوت دیا ہے جو ایک قابل تعریف بات ہے .
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس اسپورٹس سینٹر کو دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور ایسا جذبہ ناخدا برادری کے تمام اسپورٹس سینٹروں میں باقی رکھے جس سے انسانی ہمدردی کی فضا عام ہو اور ہر نادار و غریب بھی اپنے اندر خوشی محسوس کرنے لگے .