آپ کا اسم گرامی شمس الدین ، والد صاحب کا نام ابوبکر اور خاندان یعنی کنبہ کا نام شیخ ہے .
آپ کی پیدائشی ریاست کرناٹکا کے ضلع انکولہ کے گاؤں اگر گون میں یکم جنوری 1962 ء کو ہوئی . آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم سرکاری اردو اسکول اگر گون میں پانچویں تک حاصل کی . اس کے بعد گورنمنٹ ہائر پرائمری کنڑا اسکول میں دو سالہ تعلیم حاصل کرکے ساتویں کا امتحان پاس کیا . بعدازاں اپنا داخلہ کنڑا ہائی اسکول کوڈل منکی میں لے کر ایک سال تعلیم حاصل کر کے آٹھویں کا امتحان پاس کیا . اور اسی پر اپنی عصری تعلیم کا سلسلہ منقطع کر دیا .
بعد ازاں دینی تعلیم کے حصول کے لئے اپنا داخلہ مدرسہ کاشف العلوم ہوسا ہلی بینگلور میں لے کر دو سالہ عالمیت کی تعلیم حاصل کی . اس کے بعد مزید عالمیت کی تعلیم کی تکمیل کی غرض سے اپنا داخلہ جنوبی ہند کی مشہور و معروف دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں لے کر سن 1986 ء میں شعبہ عالمیت سے فراغت حاصل کر کے اپنے دینی تعلیمی سلسلہ کو منقطع کر دیا .
آپ کا شمار قوم ناخدا کے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبہ عالمیت سے فارغ التحصیل چوتھی شخصیت میں ہوتا ہے ، کیونکہ آپ سے ایک سال قبل تینگن گنڈی کے تین علماء کرام اسی ادارہ سے فراغت حاصل کر چکے تھے . لہذا سب سے پہلے قوم ناخدا کی شخصیات میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے فراغت پانے کا اعزاز تینگن گنڈی کے تین علماء کو حاصل ہوا تو دوسرے نمبر پر اگرگون انکولا کی مذکورہ شخصیت مولانا شمس الدین صاحب جامعی کو حاصل ہوا . ذالک فضل اللہ یؤتیہ من یشاء .
موصوف کے بھٹکل کے درجہ کے ساتھیوں میں ، بھٹکل خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ صاحب اکرمی ندوی ، مولانا عبدالمطلب صاحب ندوی ، مولانا سراج صاحب اکرمی ندوی ، مولانا شاہین بن قمر صاحب ندوی ، مولانا سید سلیم صاحب درجن ندوی قابل ذکر ہیں .
فراغت کے بعد آپ مدرسہ صراط مستقیم شیرور میں دو سال ، مکتب جامعہ اسلامیہ چوک بازار بھٹکل میں دس سال اور مدرسہ رونق الاسلام کیسر کوڈی شیرور میں پانچ سال تک تدریسی خدمات انجام دیتے رہے . اس کے بعد آپ 2013 ء سے تا حال 2019 ء ، مدرسہ مفتاح العلوم شیرور میں صدر مدرس کی حیثیت سے اور جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں بحیثیت امام و خطیب اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں .