اہلیان ناخدا برادری مرڈیشور میں بڑھتا تعلیمی رجحان

1
1732

مؤرخہ 19/اگست 2020 ء بروز جمعہ بعد نماز جمعہ متصلاً ناخدا جماعت المسلمین مرڈیشور اور ناخدا کمیٹی UAE مرڈیشور کی جانب سے ایک مشترکہ نشست جناب غوری میراں صاحب کی زیرصدارت منعقد کی گئی .

اس کے انعقاد کا اہم مقصد ناخدا برادری مرڈیشور میں امسال سنہ 2020 ء کے SSLC اور PUC کے فائنل امتحانات میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کے مابین تشجیعی انعامات کی تقسیم تھا .

الحمد للہ امسال کل پانچ طلباء و طالبات کو ان کی نمایاں فیصدی کامیابی پر تشجیعی و خصوصی انعامات سے نوازا گیا. اور ساتھ ساتھ ناخدا برادری مرڈیشور پیمانہ پر سب سے زیادہ فیصدی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے طالب علم یا طالبہ کو وقار ناخدا ایوارڈ سے نوازے جانے کی شروعات کرتے ہوئے امسال کے ٹاپ طالب علم الاشقان بن حسن بابو کو وقار ناخدا ایوارڈ سے بھی نوازا گیا اور ان کے ساتھ ساتھ ایک طالب علم اور تین طالبات کو بھی ان کی امتیازی کامیابی پر انھیں تشجیعی انعامات سے نوازا گیا جن کے اسماء درج ذیل ہیں .

الاشقان بن حسن بابو پی یو سی سائنس فائنل ٪93.16

رطیب حسین بن أنصار عمرا پی یو سی کامرس فائنل ٪85.16

سادیہ بنت محمد علی بابو ایس ایس ایل سی ٪80.32

ثانیہ بنت فقیرہ ڈانگی ایس ایس ایل سی ٪79.52

ارشیہ مسکان بنت ارشاد ڈانگی ایس ایس ایل سی ٪76.64

واضح رہے کہ ان تین ٹاپ طالبات میں سے سادیہ بنت محمد علی بابو نے نیشنل اردو ہائی اسکول مرڈیشور میں امسال سنہ 2020 ء کے SSLC کے فائنل امتحانات میں اپنے کلاس کی ٹاپر بننے کا شرف حاصل کیا ہے حالانکہ موصوفہ فائنل امتحانات کے ایام میں اپنی گلی میں کورونا پوزیٹیو مریضوں کے پائے جانے کے امکانات کی وجہ سے گھر ہی میں محصور رہتے کے باوجود بھی اپنے کلاس میں ٹاپ کیا ہے اور قوم کے دیگر طلباء و طالبات کو اس بات کا پیغام دیا ہے کہ وہ مشکل سے مشکل ترین گھڑی میں بھی اپنے جواں عزائم و حوصلوں سے اپنے ہدف کے حصول میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں.

اس پروگرام کی ایک اہم خصوصیت یہ تھی کہ یہ ناخدا برادری مرڈیشور کا پہلا تشجیعی پروگرام تھا جو امسال کے SSLC اور PUC کے فائنل امتحانات میں نمایاں فیصد سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا تاکہ ان کی ہمت افزائی ہو اور آئندہ کے لئے بھی اس مفید سلسلہ کو  مستقل طور پر جاری رکھا جا سکے . اس پروگرام میں امسال سنہ 2020 ء کے صرف پانچ ٹاپ طلباء و طالبات کو ہی تشجیعی انعامات سے نوازا گیا تھا .

اس پروگرام کے انعقاد میں ناخدا کمیٹی UAE مرڈیشور اور ناخدا جماعت المسلمین کے ذمہ داروں اور مقامی چند خاص نوجوانوں کا بہت اہم رول رہا ہے.

امژو زون ٹیم اہلیان ناخدا  برادری مرڈیشور کے اس مستحسن اقدام کو سراہتے ہوئے مذکورہ طلباء و طالبات اور ان کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے اور ساتھ ساتھ اس حقیقت کو بھی آشکار کرنا چاہتی ہے کہ جہاں یہ بات دنیوی تعلیم کے اعتبار سے آپ حضرات کے لئے خوش آئند ہے وہیں دینی تعلیم کے اعتبار سے قابل غور بھی ہے ، اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ یہاں کے باشندوں میں دینی شعور نہیں ہے بلکہ ان میں شعور ہے جس کا بین ثبوت یہاں پر دو علماء کرام کا پایا جانا اور امسال ناخدا محلہ مرڈیشور کے چند طلباء کی امتیازی کامیابی ہے . اب صرف ضرورت اس جانب مستقل طور پر اپنی توجہات مبذول کرانے کی ہے .

اگر والدین اپنی توجہات اس جانب مبذول کراتے ہوئے اپنے بچوں کو للہ فی اللہ ابھی سے عالم دین بنانے کی فکر میں لگ جائیں گے تو سنہ 2030 ء تک اللہ کی ذات سے امید واثق ہے کہ وہ یہاں پر ایسے علماء پیدا فرمائے گا جو اپنی قوم و ملت کی فکر کریں گے اور دینی ماحول کو فروغ دینے میں اپنا ایک اہم رول ادا کریں گے .

وہ والدین بڑے ہی خوش نصیب ہوں گے جو بھلائی کے کاموں میں سبقت کرنے والے ہوں گے اور ایسے لوگوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے خوش خبری سنائی ہے ، چنانچہ ارشاد ربانی ہے و السابقون السابقون أولئك المقربون اور سبقت کرنے والے تو سبقت کرنے والے ہیں اور وہ اللہ کے مقرب بندے ہیں . اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے ” الدال الی الخير کفاعله ” بھلائی کی راہ بتلانے والے کو اتنا ہی ثواب ملتا ہے جتنا اس پر چلنے والے کو ملتا ہے ، لہذا ان کے بعد جتنے بھی علماء اس بستی میں پیدا ہوتے رہیں گے اس کا ثواب تو ان کو ملے گا ہی اور ان کے ثواب میں بغیر کسی کمی کے اللہ تعالیٰ ان سب کا ثواب اس علاقہ میں اپنی اولاد کو عالم دین بنانے والے اولین والدین کو بھی عطا فرمائیں گے کیونکہ نیک کاموں میں سبقت کرتے والے ہی در اصل اللہ کے مقربین ہوتے ہیں .

ضرورت اس بات کی ہے کہ دنیوی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ دینی ضروریاتِ کی تکمیل کا بھی لحاظ رکھا جائے اور اس کے لئے اخلاص کے ساتھ کام کا آغاز کیا جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہماری نیتوں کے مطابق ہمارے حق میں اچھے یا برے فیصلے پیدا فرمانے کی قدرت رکھنے والا ہے .

اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اپنی آخرت کو سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے . آمین .

1 تبصرہ

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here