نماز صبح اور نماز مغرب کے بعد پیر موڑنے اور اپنی جگہ سے ہٹنے سے پہلے چہارم کلمہ یعنی کلمہ توحید پڑھنے والے کے لئے سات قسم کی نیکیاں حاصل ہوں گی ، ہرمرتبہ چہارم کلمہ پڑھنے پر دس نیکیاں ملیں گی ، دس گناہ معاف ہوں گے ، دس درجات بلند ہوں گے ، یہ کلمات اس کی برائی کے لئے آڑ بنیں گے ، شیطان سے بچاؤ کا سبب بنیں گے ، شرک کے علاوہ اس سے کوئی گناہ سرزد نہ ہونے کی امید ہو گی اور اس کا عمل تمام لوگوں سے افضل ہوگا .
حضرت عبدالرحمن بن غَنْمٍ رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا! ” جو شخص مغرب اور صبح کی نماز سے اپنے دونوں پیر موڑنے اور ( اپنی جگہ سے ) پلٹنے سے پہلے ” لا اله الا الله وحدہ لاشریك له ، له الملك وله الحمد بیدہ الخیر يحي ویمیت وھو علی کل شیء قدیر ” دس مرتبہ پڑھے گا تو ہر ایک کے عوض اس کے لئے دس نیکیاں لکھی جائیں گی ، اس کے دس گناہوں کو مٹایا جائے گا ، اس کے دس درجات بلند کئے جائیں گے ، یہ ( کلمات ) اس کے لئے ہر برائی سے آڑ ( رکاوٹ ) ہوں گے ، شیطان سے بچاؤ ہوگا ، اس کو شرک کے علاوہ کوئی اور گناہ نہیں پاسکے گا اور وہ عمل کی حیثیت سے تمام لوگوں سے افضل ہوگا اس شخص کے علاوہ جو اس سے بھی زیادہ فضلیت والا ہو ( بوجہ اس کے کہ ) وہ اس سے زیادہ افضل ( ذکر ) کرتا ہو “. ( احمد )