روشن محلہ ہوناور کے نوجوانوں کا عید الفطر کے موقعہ پر ایک مستحسن اقدام

0
1476

” تحریک پیام انسانیت ” ہندوستانی پیمانہ پر ایک بہت بڑی تحریک ہے . جس کی بنیاد عالمی شہرت یافتہ شخصیت مولانا ابوالحسن علی ندوی رحمہ اللہ نے سن 1974 میں رکھی تھی . جس کا ایک اہم مقصد آپسی محبت اور برادران وطن کے ساتھ بھائی چارہ کو فروغ دینا تھا . اس کا مرکزی دفتر لکھنؤ ، اتر پردیش میں ہے ، البتہ اس کی شاخیں ہندوستان کے مختلف شہروں میں قائم ہیں جہاں پر اس کے اغراض و مقاصد کے تحت مختلف ناحیوں سے خدمات انجام دی جا رہی ہیں .

اسی کی ایک یونٹ چند سال قبل بھٹکل میں بھی قائم کی گئی تھی جس کے تحت امسال 2019 ء میں عید الفطر کی مناسبت سے ہوناور میں برادران وطن کے ساتھ بھائی چارگی کو فروغ دینے کی غرض سے عید کے دن مٹھائیاں تقسیم کی گئیں . موجودہ حالات کے تناظر میں یہ ایک اہم ضرورت اور دور اندیشی پر مبنی ایک بہترین کوشش تھی .

الحمد للہ اس میں روشن محلہ ہوناور کے ناخدا نوجوانوں نے اپنا بھرپور تعاون پیش کیا اور اپنی عید کی مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اور دینی حمیت کا ثبوت دیتے ہوئے مندرجہ ذیل خدمات انجام دیں .

روشن محلہ ہوناور کی مسجد کے سامنے والی شاہراہ پر سے گذرنے والے راہگیروں کے لئے پانی اور مٹھائیوں کی تقسیم .

پولس اہلکاروں ، KSRTC اسٹاف اور سرکاری اسپتال کے عملہ کو مٹھائیوں کے تحفے تحائف ، اسی طرح سرکاری ہسپتال کے مریضوں کے لئے پھلوں کی تقسیم اور محکمہ جنگلات کے افسران اور مزدوروں کو پینے کا پانی دیا گیا .

الحمد للہ برادران وطن نے اس کام کو بہت سراہا اور انتہائی خوشی کا اظہار کیا .

یقیناً ان نوجوانوں کا یہ اقدام ناخدا برادری کے دوسرے ان تمام گاؤں کے نوجوانوں کے لئے بھی ، جن کے یہاں اس طرح کی کوئی کوششیں نہ کی گئی ہوں ، موجودہ حالات کے پیش نظر ایک قابل تقلید نمونہ ہے .

واضح رہے کہ مستقبل قریب میں تحریک پیام انسانیت کی ایک شاخ ہوناور میں بھی قائم کرنے کی توقعات ظاہر کی جا رہی ہیں .

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان نوجوانوں کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور مزید کی توفیق عطا فرمائے . آمین .

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here