غوثیہ محلہ شیرور میں غوثیہ یوتھ اسوسی ایشن شیرور کے زیر اہتمام کورونا سے متعلق احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں عوامی بیداری مہم کا آغاز

    0
    1181

    رپورٹر : ابو احمد کھوکا شیروری

    مؤرخہ 25/مئی 2021 ء بروز منگل غوثیہ یوتھ اسوسی ایشن غوثیہ محلہ شیرورو کے زیرِ اہتمام کورونا وباء سے تحفظ کے لئے احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں گھر گھر جا کر عوام الناس کو ضروری ہدایات سے آگاہ کیا گیا .

    اس سلسلہ میں ایک وفد گرام پنچایت کی صدرہ محترمہ دلشاد بیگم کی قیادت میں صبح دس ( 10:00am) بجے نکلا ، چونکہ شہرِ شیرور میں کورونا کے بڑھنے کے قوی امکانات پائے جا رہے تھے ، لہٰذا اس کی سنگینی کو بروقت محسوس کرتے ہوئے یہاں کے قومی و سماجی ادارہ غوثیہ یوتھ ایسوسی ایشن نے اس سلسلہ میں اپنی بیداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے محلہ میں بیداری کے لئے اپنا ٹھوس قدم اٹھایا .

    اس موقعہ پر گرام پنچایت ممبر جناب تاری سلہ محمد غوث نے موجودہ وباء اور اس کے کشیدہ حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے طے شدہ تدابیر کو واضح کیا اور عوام سے حکومت کا بھرپور تعاون پیش کرنے کی اپیل کی . مزید ماسک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے حتی المقدور جسمانی دوری بنائے رکھنے کی بھی تلقین کی . اسی طرح گرام پنچایت کے سابق نائب صدر جناب کافسی نور محمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے کارندوں سے اس وباء کا مقابلہ کرنے کے لئے پُر زَور تعاون کی اپیل کی اور اپنی صحت کے ساتھ اوروں کی بھی صحت کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس مہلک جرثومہ سے اسی وقت بچنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں جب ہم اپنے معاشرہ اور ماحول میں اس مہم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنا تعاون پیش کریں گے اور ساتھ ساتھ دعاؤوں کا بھی اہتمام کریں گے .

    گرام پنچایت کے صدر نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے اس مہم کو لوگوں کے حق میں ایک کامیاب کوشش گردانا اور کہا کہ کورونا وباء سے لڑنے کے لئے جو بھی تدابیر اپنائی جا رہی ہیں ان کو نظر انداز نہ کیا جائے کیونکہ اس طرح کی لا پرواہی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے . لہذا سبھوں کو چوکنا رہنا نہایت ضروری ہے مزید کہا کہ آج کل یہ وباء اکثر بچوں کو اپنے لپیٹ میں لے رہی ہے اور جان لیوا بھی ثابت ہو رہی ہے . لہذا عورتوں کو بھی ان کا خیال رکھنا اور ان کی حفاظت کرنا ازحد ضروری ہے .

    مزید ایک اور خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوسری لہر جس تیزی سے بڑھ رہی ہے وہ تیسری لہر کی طرف بھی بآسانی جا سکتی ہے ، لہذا ہمیں ہوش کے ناخن لینے کی اشد ضرورت ہے .

    اخیر میں غوثیہ محلہ کے سماجی ادارہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی یہ ادارہ اپنی سماجی خدمات انجام دیتا آرہا ہے اور یہ مشاہدہ بھی ہے کہ اس کے بہت سے ممبران متحرک اور فعال ہوتے ہیں اور معاشرہ کے لئے اپنی خدمات انجام دیتے رہتے ہیں ، لہٰذا آئندہ بھی ہم ان سے مزید خدمات کی توقع رکھتے ہیں .

    اس موقعہ پر ادارہ کے سیکریٹری نیجی جعفری ، جوائنٹ سیکرٹری کھوکا ابو احمد اور دیگر سینئیر ممبر بھی شریک تھے ، مثلاً طبقے سمیر اور ہونگے مذكر وغیرہ

    دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جلد از جلد اس وبا کا خاتمہ فرمائے اور اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے . آمین .

    اظہارخیال کریں

    Please enter your comment!
    Please enter your name here